پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور اس مقصد کے لئے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم کے مالکانہ حقوق کے لئے باضابطہ ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل مزید بڑی اور بہتر ہونے جارہی ہے، کیونکہ 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے فروخت کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ لیگ میں 2 نئے خواب حقیقت بننے کا وقت آگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل انتظامیہ نے نئی ٹیموں کی نیلامی کی تصدیق کر دی
دلچسپی رکھنے والے ادارے اور گروپس اپنی بولیاں 15 دسمبر کو صبح 11 بجے تک جمع کرا سکیں گے، جبکہ بڈز اسی روز کھولی جائیں گی۔ پی سی بی کے مطابق تکنیکی طور پر اہل قرار دیے گئے بڈرز ہی اگلے مرحلے میں شامل ہوں گے، جس کے بعد دونوں نئی ٹیموں کے مالکان کا انتخاب کیا جائے گا۔
The Pakistan Super League is about to get Bigger and Better! Process for the sale of Two New Teams has been launched. Time for two new dreams @thePSLt20 to come true.#NewEra pic.twitter.com/kbJceplMAn
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) November 15, 2025
پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ 2 نئی ٹیمیں 6 شہروں کی فہرست میں سے منتخب ہوں گی، جن میں حیدرآباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ یہ فہرست نئی ٹیموں کی ویلیوایشن رپورٹس کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فرنچائزز کے نئے 10 سالہ معاہدے: 2 نئی ٹیموں کا اضافہ، لیگ 8 ٹیمیں کھیلیں گی
مزید یہ کہ موجودہ پی ایس ایل فرنچائزز اور دیگر تجارتی اثاثوں کی آزادانہ ویلیوایشن بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ آئندہ 10 سال کے لئے نئی شرائط کے تحت معاہدوں کی تجدید کی پیشکشیں موجودہ فرنچائزز کو بھیج دی گئی ہیں اور انہیں مقررہ مدت میں اپنا جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔












