وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی اعدادوشمار حکومتی اصلاحات کو درست ثابت کررہے ہیں،ٹیرف میں کمی اور ٹیکس نظام کی اصلاحات کا مقصد مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔
ہفتے کے روز وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی ٹیکس نظام میں اصلاحات کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ایف بی آر کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات درست ثابت ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس آمدن میں اضافہ ایف بی آر اصلاحات کا نتیجہ، غیررسمی معیشت کا خاتمہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم نے بتایا کہ تازہ ترین معاشی اعدادوشمار حکومتی معاشی اصلاحات کی کامیابی کو ظاہر کررہے ہیں اور معاشی ترقی کی رفتار ہر روز بہتر ہو رہی ہے، جس کے اثرات کاروباری برادری اور عوام کے سامنے واضح ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ رواں سال کی گئی ٹیرف اصلاحات سے نہ صرف ریونیو وصولی متاثر نہیں ہوئی بلکہ درآمدات پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی وصولی میں 25 فی صد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ صرف 3.6 فی صد زیادہ قابل ڈیوٹی مصنوعات کی مقدار کے باوجود سامنے آیا، جس سے یہ خدشہ غلط ثابت ہوا کہ ٹیرف میں کمی سے ریونیو کم ہوگا۔
مزید بتایا گیا کہ ڈیوٹی فری امپورٹس میں 41.5 فی صد اضافہ ہوا ہے، جس کا مطلب ہے کہ زیادہ تر درآمدات خام مال اور انٹرمیڈیٹ اشیاء کی ہیں، جو ملک کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں بہتری کی علامت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’اب ترقی کا سفر ہرگز نہیں رکے گا‘ وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستانی معیشت سے متعلق بلوم برگ کی مثبت رپورٹ کا خیرمقدم
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیرف میں کمی اور ٹیکس نظام کی اصلاحات کا مقصد مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس کے نتیجے میں خام مال اور ثانوی درجے کی مصنوعات کی درآمد میں اضافہ ہوا، جو ملکی برآمدات کی مسابقت کو مضبوط کرے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کسٹم اصلاحات کے نتائج میں ایف بی آر کو جدید، شفاف اور مؤثر ادارہ بنانے کی حکومتی حکمت عملی کے اثرات بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے ٹیکس چوری روکنے اور تمباکو، ٹائلز اور دیگر بڑے شعبوں میں ٹیکس وصولی کے نظام میں موجود خامیوں کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے انتظامی اور اداراجاتی اقدامات کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر اور فنانس کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ پاکستان معاشی مشکلات سے نجات پائے اور پائیدار ترقی کے اہداف کو حقیقی طور پر حاصل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل معیشت کی رفتار تیز کریں، وزیراعظم شہباز شریف کا اعلیٰ سطح اجلاس میں حکم
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ عہدے داران نے شرکت کی۔













