پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔
اس موقع پر پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتِ حال اور عوامی مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی ملاقات
اسلام آباد: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے درمیان زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی
اسلام آباد:… pic.twitter.com/3BwCwP1KP3
— PPP (@MediaCellPPP) November 15, 2025
بلاول بھٹو زرداری نے فیصل ممتاز راٹھور سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنا اب آپ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوامی سطح پر رابطے بڑھائے جائیں تاکہ خطے کے حقیقی مسائل سے مسلسل آگاہی برقرار رہے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنی نامزدگی پر پیپلز پارٹی کی قیادت سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ عوامی خدمت اور خطے کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے نوجوان پارلیمنٹیرین راجا فیصل ممتاز راٹھور کو نیا قائد ایوان نامزد کیا ہے۔
مزید پڑھیں: فریال تالپور سے نامزد وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی ملاقات
فیصل ممتاز راٹھور کا تعلق آزاد کشمیر کے حلقہ حویلی کہوٹہ سے ہے، اور وہ اس وقت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل ہیں۔ فیصل راٹھور چوہدری انوارالحق کی کابینہ میں وزیر لوکل گورنمنٹ تھے۔














