چکوال کی ایک باہمت خاتون سعدیہ نے اپنے شوہرعثمان کے ساتھ مل کر صرف ایک سال پہلے اپنے گھر کے کچن سے فوڈ بزنس کا آغاز کیا، جو آج ایک پہچانا ہوا برانڈ ’مس عیش پزیریا‘ بن چکا ہے۔
سعدیہ نے اپنے شوہر عثمان کو مشورہ دیا کہ کیوں نہ ہم اپنے ہاتھ کے بنے کھانے دوسروں تک پہنچائیں؟ عثمان نے بیوی کی بات کو سنجیدگی سے لیا اور فوراً اس پر عمل شروع کیا۔
یوں ایک نئے سفر کی شروعات ہوئی جس نے صرف ایک سال میں کامیابی کی نئی مثال قائم کردی۔
یہ بھی پڑھیے: فلائٹ میں دیا جانے والا کھاناکتنا خطرناک ہوتا ہے؟ کیبن کریو ممبر نے حیران کن انکشافات کردیے
کچھ ہی عرصے بعد ان کے ساتھ شیف مناظر بھی بطور پارٹنر شامل ہوگئے۔ شیف مناظر نے اپنے تجربے اور مہارت سے اس بزنس کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تینوں نے مل کر اپنے برانڈ کا نام رکھا ’مس عیش پزیریا‘ جو آج چکوال کے معروف فوڈ برانڈز میں شمار ہوتا ہے۔
ابتدا میں سعدیہ اور عثمان خود ہی آرڈرز تیار اور ڈیلیور کرتے تھے، لیکن ذائقے اور معیار نے جلد ہی لوگوں کے دل جیت لیے۔
صرف ایک سال میں اس چھوٹے کچن نے ترقی کرتے ہوئے ایک مکمل ٹیم کی شکل اختیار کر لی۔ اس وقت ’مس عیش پزیریا‘ میں 30 افراد کام کررہے ہیں، جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔
یہ خواتین کچن، پیکجنگ اور کسٹمر سروس جیسے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
برانڈ میں اب 30 سے زیادہ فوڈ آئٹمز پیش کیے جا رہے ہیں۔ جن میں پیزا، برگر، پاسٹا، سینڈوچ اور میٹھے ڈیزرٹس خاص طور پر مقبول ہیں۔
ان کھانوں کا ذائقہ اور معیار انہیں دوسرے فوڈ برانڈز سے منفرد بناتا ہے۔
سعدیہ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے سوچا کہ اپنے ہاتھ کے بنے کھانے دوسروں تک پہنچائیں، اور الحمدللہ ایک سال میں ہمارا خواب حقیقت بن گیا۔
عثمان نے وی نیوز کو بتایا کہ ہم نے چھوٹے پیمانے سے آغاز کیا، لیکن محنت اور لگن نے ہمیں یہاں تک پہنچا دیا۔
جبکہ شیف مناظر کے مطابق یہ بزنس صرف کھانوں کا نہیں، بلکہ ٹیم ورک، اعتماد اور خلوص کا سفر ہے۔ ہمارا مقصد چکوال کے ذائقے کو ملک بھر میں پہچان دلانا ہے۔
چکوال میں شروع ہونے والا یہ برانڈ آج نہ صرف ایک کامیاب کاروبار بن چکا ہے، بلکہ درجنوں افراد کے لیے روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔
’مس عیش پزیریا‘ اس بات کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ کہ اگر نیت صاف ہو اور محنت دل سے کی جائے تو ایک چھوٹا سا کچن بھی بڑا خواب پورا کر سکتا ہے۔ مزید جانیے توقیر انور کی اس ویڈیو رپورٹ میں۔













