لاہور ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے درج تمام مقدمات کو یکجا کرنے کے لیے دائر درخواست کی بحالی سے متعلق متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔
تاہم سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا۔ وکیل کی عدم حاضری پر عدالت نے متفرق درخواست کو عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان سے ملاقات سے متعلق کیسز لارجر بینچ میں سماعت کے لیے مقرر
سماعت کے دوران عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟ اس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 107 مقدمات درج ہیں۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے یہ درخواست 2023 میں دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ان کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں جنہیں یکجا کر کے ایک ہی عدالت میں سنا جائے۔
عدالت نے وکیل کی غیر حاضری پر درخواست نمٹا دی۔














