کیمبرج ڈکشنری نے سال 2025 کا لفظ پیرا سوشل منتخب کر لیا جس نے آن لائن غیر صحت مند رجحانات، مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار اور سلیبریٹی کلچر کے ساتھ جڑنے والے تعلقات پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
’پیراسوشل‘ کا مطلب کیا ہے؟
لفظ پیرسوشل اس منفرد تعلق کو کہا جاتا ہے جو لوگ کسی ایسے شخص یا شخصیت کے ساتھ محسوس کرتے ہیں جس سے وہ کبھی ملے ہی نہیں ہوتے خواہ وہ کوئی مشہور ہستی یا فلم یا کتاب کا کردار ہو یا پھر اے آئی سسٹم (کا چیٹ بوٹ) ہی کیوں نہ ہو۔
سی این این کے مطابق ڈکشنری نے اس لفظ کی وضاحت یوں کی ہے ’ ایسا تعلق جو کسی مشہور فرد، کسی کردار یا مصنوعی ذہانت کے ساتھ انسان کے ذہن میں قائم ہو جائے حالانکہ وہ شخص حقیقت میں اس سے کبھی ملا نہ ہو۔
یہ اصطلاح سنہ 1956 میں ماہرین عمرانیات ڈونلڈ ہارٹن اور رچرڈ وُہل نے متعارف کرائی تھی جو ناظرین اور ٹی وی شخصیات کے درمیان پیراسوشل تعلقات بیان کرنے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔
سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے پیراسوشل رجحانات
کیمبرج ڈکشنری نے نشاندہی کی کہ آج سوشل میڈیا صارفین بھی مشہور شخصیات اور انفلوئنسرز کے ساتھ اسی قسم کا تعلق محسوس کرتے ہیں۔
ایک مثال میں ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی منگنی کا اعلان شامل ہے جہاں لاکھوں مداحوں نے جوڑے کے لیے جذباتی وابستگی ظاہر کی باوجود اس کے کہ وہ دونوں سے کبھی نہیں ملے۔
زائٹ گیسٹ 2025 کی عکاسی
کیمبرج ڈکشنری کے لغت نویس کولن میک اِنٹوش کا کہنا ہے کہ یہ لفظ سال 2025 کی روحِ عصر کو بیان کرتا ہے اور زبان کی مسلسل تبدیلی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لفظ پہلے صرف علمی حلقوں میں استعمال ہوتا تھا آج مین اسٹریم کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کروڑوں لوگ پیراسوشل تعلقات میں مبتلا ہیں جبکہ بہت سے لوگ اس کے بڑھتے رجحان میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
کولن نے مزید کہا کہ جیسے جیسے ٹیکنالوجی اور کلچر بدل رہے ہیں زبان بھی نئی شکلیں اختیار کر رہی ہے اور چاہے سلیبریٹیز ہوں یا چیٹ بوٹس پیراسوشل رجحانات زبان کی ارتقا کے مطلوب موضوعات میں شامل ہیں۔
نئے شامل کیے گئے دیگر نمایاں الفاظ کون سے ہیں
اس سال ڈکشنری نے مزید کئی الفاظ کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ ان میں ایک لفظ سلوپ(Slop) بھی شامل ہے جو انٹرنیٹ پر بہت کم معیار کے ایسی مواد کے لیے استعمال ہوتا ہے خصوصاً وہ مواد جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیا گیا ہو۔
ایک اور لفظ Memeify ہے جو اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب کسی واقعے، تصویر یا شخص کو میم میں تبدیل کیا گیا ہو۔
اس سال کیمبرج ڈکشنری نے 6,000 نئے الفاظ بھی شامل کیے ہیں جن میں ،delulu، skibidi اور tradwife جیسے مقبول الفاظ بھی شامل ہیں۔














