ٹانک میں فوجی آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

اتوار 21 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختنونخواہ کے ضلع ٹانک میں آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، 2 فوجی جوان شہید ہو گئے ہیں۔
پاکستان افواج کے شعبہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے علاوہ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران 39 سالہ نائیک محمد عتیق جن کا تعلق ضلع چکوال سے ہے اور اٹک سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ نائیک رجب علی نے دہشت گردوں کے ساتھ بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ علاقے سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بلوچستان کے علاقے زرغون میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور تین فوجی شہید ہوگئے تھے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان خاص طور پر بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے

گزشتہ ماہ اپنی پہلی پریس بریفنگ میں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردی کے 436 واقعات میں کم از کم 293 افراد شہید اور521 زخمی ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی 219 کارروائیوں میں 192 افراد شہید ہوئے، جب کہ بلوچستان میں 206 واقعات میں 80، پنجاب میں 5 حملوں میں 14 اور سندھ بھر میں دہشت گردی کے 6 واقعات میں 7 افراد شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ سال کے دوران انٹیلی جنس کی بنیاد پر 8,269 آپریشن کیے جن میں 1,378 مشتبہ دہشت گرد پکڑے گئے اور 157 مارے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ رواں سال انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 137 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 117 زخمی ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp