پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے والے آفتاب صدیقی کون ہیں؟

اتوار 21 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے احتجاج کےد وران توڑ پھوڑ کے واقعات کو جواز بنا کر پی ٹی آئی کے کئی رہنما جماعت سے لا تعلقی کا اعلان کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ ایسے میں پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے بھی جماعت کو خیر باد کہتے ہوئے سیاست سے ہی کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔

آفتاب صدیقی کراچی کی معروف کاروباری شخصیت اور شوکت خانم اسپتال کو فنڈز دینے والے افراد میں شامل ہیں۔ آفتاب صدیقی 2018 کے عام انتخابات میں سیاسی افق پر نمودار ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کراچی کے انتخابی حلقوں سے متاثر کن سیاسی مہم چلائی۔

یہی وجہ تھی کہ آفتاب صدیقی نے بہت ہی کم عرصہ میں پی ٹی آئی میں مقام پیدا کیا اور عمران خان کی نظروں میں آگئے۔ ان کی پارٹی کے لیے کاوشوں کو دیکھتے ہوئے عارف علوی کے صدر بننے کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 پر ان کو میدان میں اتارا گیا اور یہ باآسانی نشست جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔

آفتاب صدیقی پی ٹی آئی کراچی کے صدر بھی رہے، ان کے صدر بنتے ہی پاکستان تحریک انصاف کراچی میں پہلے سے زیادہ متحرک دکھائی دی، نا صرف سیاسی محاذ پر بلکہ عدالتوں میں بھی ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے ہم پلہ پارٹی کو لا کھڑا کیا، انہوں نے نا صرف کراچی کے مسائل کو اجاگر کیا بلکہ عمران خان پر اٹھنے والی آواز پر سوشل میڈیا پر بھرپور مقابلہ کرتے دکھائی دیے۔

آفتاب صدیقی نے 9 مئی کے بعد بھی پارٹی کا نا صرف بھر پور دفاع کیا بلکہ رینجرز چوکی جلانے والے باپ اور بیٹے کے بیان کے خلاف اپنے بیان میں کہا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے ان کا کوئی تعلق نہیں جبکہ یہ باپ اور بیٹا پلانٹڈ تھے ہم چاہتے ہیں کہ ایسے عناصر کو عدالتوں میں پیش کرکے سزائیں دلوائی جائیں۔

آفتاب صدیقی کا کاروبار کیا ہے؟

آفتاب صدیقی کراچی کی معروف تعمیراتی کمپنی پیراگون کنسٹرکشنز کے چئیرمین ہیں، 1991 میں قائم ہونے والی اس کمپنی کے کراچی بھر میں متعدد پراجیکٹس ہیں، بحریہ ٹاؤن میں بننے والا پاکستان کے سب سے زیادہ گنجائش والے رفیع کرکٹ اسٹیڈیم کا کام بھی اسی کمپنی کے پاس ہے۔
آفتاب صدیقی نے پارٹی سے الگ ہوتے ہوئے بیان دیا کہ وہ پروفیشنل بزنس مین ہونے کے ناطے ملک کی خدمت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp