عالمی یوم اطفال 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نوجوانوں نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے اور ہم سب کا فریضہ ہے کہ آنے والی نسل کو ایک پرامن اور ترقی یافتہ ملک دیں۔
مزید پڑھیں: دہشتگرد حملوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں ہوگا، اعظم نذیر تارڑ کی اسلام آباد دھماکے کے زخمیوں کی عیادت
وزیر نے کہا کہ ملک کئی مشکل حالات سے گزرا ہے اور ہمیں اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خلاف سب کو مل کر لڑنا ہوگا تاکہ پاکستان سے اس عفریت کا خاتمہ ہو۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بچوں کی تعلیم، صحت اور تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، اور وفاقی و صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا انسانی حقوق سے متعلق نیشنل پروگرام شروع کرنے کا اعلان
انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات کو بھی چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کی فلاح و بہبود میں حصہ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ہے جہاں نو عمر بچوں کی تعداد زیادہ ہے، اور انہیں محفوظ، تعلیم یافتہ اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔














