وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی فتوحات کا دائرہ معاشی میدان تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 روزہ جنگ کے بعد بھارتی فوج گھٹنوں پر آ گئی، بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملنے تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے چترال میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا
دانش اسکولز سے فارغ التحصیل عام گھرانوں کے طلبا و طالبات بھی انجینئرز، ڈاکٹرز بن کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش اسکول کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزرا انجینئر امیر مقام، احسن اقبال، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کے علاوہ معززین اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دانش اسکولوں کی توسیع
وزیراعظم نے کہا کہ باغ میں باغ دانش کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ وہ دانش گاہ ہے جس کا سفر ہم نے پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں یہ دانش گاہیں دن رات تعمیر و ترقی کے ذریعے پھیل رہی ہیں۔
افواجِ پاکستان نے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کیا تھا، اور آج امریکی کانگریس نے اس پر مہر لگا دی۔ شاہینوں کی کارکردگی نے بھارت کو گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف pic.twitter.com/j0QDV8FLtk
— WE News (@WENewsPk) November 20, 2025
بھمبر میں دانش اسکول کا 35 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کو باغ کے دانش اسکول کا 23 مارچ 2026ء کو افتتاح کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دانش اسکول کا دائرہ کار وادیِ نیلم تک پھیلایا جائے گا۔
فارورڈ کہوٹہ کیلئے اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے فارورڈ کہوٹہ میں دانش اسکول کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، ان کی خواہش پر فارورڈ کہوٹہ کے لئے تحفتاً دانش اسکول کا اعلان کرتا ہوں۔
تعلیمی معیار اور وژن
وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں۔ دانش اسکولوں میں غریبوں کے بچے بہترین تعلیمی سہولیات حاصل کر رہے ہیں، میرٹ پر مفت اور بہترین تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولوں کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل کا وقت آ گیا ہے، عوام کو ایسی تعلیمی سہولیات کی فراہمی علامہ اقبال اور قائداعظم کا وژن تھا۔ دانش اسکولوں میں پڑھنے والے بچے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اسے عظیم ملک بنائیں گے۔
غریب و یتیم بچوں کے لیے مواقع
وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولوں سے غریب اور یتیم بچوں کو بھی انجینئر، ڈاکٹر بننے کے مواقع ملے اور کیمبرج جیسے اداروں میں بھی یہ بچے پہنچ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
بھارت کے حوالے سے اظہارِ خیال
وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ کا خیرمقدم کیا جس نے پاک۔بھارت جنگ میں پاکستان کی طرف سے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بار بار بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے ہیں۔ پاکستان کو جو عزت آج ملی ہے یہ ہمارے بہادر جوانوں اور شاہینوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں دانش اسکولز سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا
ان کا کہنا تھا کہ ہماری بری افواج نے بھارت پر الفتح میزائل داغ کر 4 دن میں اسے گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کر دیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے ہم نے بلا خوف و خطر فیصلے کیے۔
پاکستان کا عالمی وقار
وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عسکری و جنگی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد معاشی میدان میں بھی فتوحات کا دائرہ بڑھایا جائے گا جس کے لیے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے۔ جو قومیں معاشی طور پر ترقی نہیں کرتیں وہ کامیاب نہیں ہوتیں۔
کشمیر کے مستقبل سے متعلق امید
وزیراعظم نے کہا کہ ایک دن آئے گا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملے گا اور ان کے بچے بھی دانش اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔
انہوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت پر مشتمل کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر گورننس کا مثالی معیار قائم کریں، آزاد کشمیر کے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
آزاد کشمیر کی قیادت کا ردعمل
قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دانش اسکولوں کا دائرہ آزاد کشمیر تک بڑھانے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی آزاد کشمیر سے وابستگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:برداشت اور رواداری پاکستان کی بنیاد ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی معترف ہے۔ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ بھارت نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں 8 لاکھ فوج تعینات کرکے وہاں کے عوام کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مسلح افواج کے جوانوں کی جرأت و بہادری کی بدولت چین کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کر رہی ہے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت مل کر رہے گا۔
وفاقی وزرا کے خطابات
وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہین طلبہ کو ایسے موقع کی تلاش تھی کہ وزیراعظم ملک کے کونے کونے میں دانش اسکولوں کے قیام کا خواب پورا کر رہے ہیں۔ دانش اسکولوں کے قیام کا یہ اقدام تاریخ کا حصہ بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ اطمینان
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ دنیا کے کسی کونے میں بھی جائیں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ وزیراعظم نے دنیا میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا اور آج پوری دنیا ہماری کامیابیوں کی معترف ہے۔
منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر کا بیان
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ جس وژن کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف نے خادمِ پنجاب کی حیثیت سے کیا تھا، آج اس کی تکمیل ہو رہی ہے۔ اس تعلیمی درسگاہ کے ذریعے وزیراعظم نے ملک کے بچوں کے لیے جو خواب دیکھا وہ حقیقت بن کر پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈز سے بننے والی دانش یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات سے کم نہ ہوگی، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا جس کے ذریعے میرٹ پر لاکھوں غریب طلبا و طالبات کو تعلیم کی سہولت میسر آئی اور وہ دنیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں تک پہنچے۔ آئندہ دور ٹیکنالوجی، علم اور برین پاور کا ہے۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ’اڑان پاکستان‘ جیسے منصوبے طلبا کیلئے فائدہ مند ہیں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کا موقف
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مستحق اور ہونہار طلبا کی زندگیاں بنانے کا خواب آج پورا ہو رہا ہے۔ دانش اسکول پراجیکٹ بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے 2010 میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب دانش اسکول کی بنیاد رکھی۔ پنجاب دانش اتھارٹی کو پاکستان دانش اتھارٹی بنا دیا ہے اور اب ہاڑی گہل باغ میں دانش اسکول بننے جا رہا ہے۔














