دبئی ایئر شو 2025 میں جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 طیارہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا اور اس کی خریداری سے متعلق ایک دوست ملک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی ایئر شو: بھارتی پائلٹس کو پاک فضائیہ کا جے ایف تھنڈر بھاگیا، ’ٹی‘ نہیں پی
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے جو پاکستان کی ایرو اسپیس صلاحیتوں اور دفاعی تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

دبئی ایئر شو 2025 کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دوست ممالک کے فضائی سربراہان سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔
مزید پڑھیے: دبئی ایئر شو 2025 میں بھارت کو شرمندگی کا سامنا، لڑاکا طیارے سے تیل لیک ہونے لگا، ویڈیو وائرل
ان ملاقاتوں میں متحدہ عرب امارات کے لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلاوی (انڈر سیکریٹری برائے دفاع) اور میجر جنرل راشد محمد الشمسی (کمانڈر یو اے ای ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس) شامل تھے۔
ملاقاتوں کا محور اعلیٰ تربیت کے شعبوں میں تعاون، جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک اور آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانا رہا۔
اماراتی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کی جدت، بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتیں اور دفاعی صنعت میں ترقی کو سراہا اور مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلوں اور مستقبل کی بین العسکری شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان ایئر فورس کا دستہ دبئی ایئر شو میں شرکت کے لیے موجود ہے جو پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عالمی فضائی برادری کے ساتھ مضبوط روابط اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ایئر شو میں جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری خصوصی توجہ کا مرکز رہا جہاں دفاعی ماہرین اور شائقین نے اس کی جدید ٹیکنالوجی، مضبوط جنگی صلاحیت اور عملی کارکردگی کو سراہا۔

جے ایف 17 تھنڈر نے اپنے کم لاگت، کثیرالمقاصد لڑاکا طیارے کے طور پر اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔
یہ معاہدہ طیارے کی عالمی مقبولیت اور پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔












