وفاقی آئینی عدالت میں سائلین کی سہولت کے لیے مختلف ڈیسک قائم کردیئے گئے ہیں، جن کا افتتاح چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کریں گے۔
ترجمان کے مطابق عدالت میں انفارمیشن ڈیسک اور آئینی ڈیسک کا قیام سائلین کی رہنمائی اور آئینی امور سے متعلق فوری معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔

ان ڈیسکس کے قیام کا مقصد شہریوں کو درپیش قانونی پیچیدگیوں کو کم کرنا، مقدمات سے متعلق معلومات تک آسان رسائی فراہم کرنا اور آئینی مسائل کے حل کے لیے مؤثر معاونت مہیا کرنا ہے۔
عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ ڈیسک پر تعینات عملہ شہریوں کی رہنمائی، کیس اسٹیٹس سے متعلق معلومات اور آئینی سوالات کے ابتدائی جواب دینے کی ذمہ داری نبھائے گا۔

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان جلد ہی ان ڈیسک کا باقاعدہ طور پر افتتاح کریں گے۔














