تجارت کے نام پر پاکستانیوں کے قتل کا لائسنس جاری نہیں کرسکتے، صبر جواب دے گیا، دفترِ خارجہ

جمعہ 21 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں افغانستان، بھارت، ایران، مشرقِ وسطیٰ اور یورپی ممالک سمیت خطے کی تازہ سفارتی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان تجارت کے نام پر اپنی شہریوں کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کی سرحدی تجارتی پوسٹوں پر حملوں کے بعد صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور 4 سال بعد ہمارا صبر جواب دے گیا۔ ہم تجارت کے نام پر پاکستانیوں کے قتل کا لائسنس جاری نہیں کرسکتے۔

ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی میڈیا میں شائع ہونے والی 4 ہزار خودکش بمباروں کی تیاری سے متعلق رپورٹس پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید کرتی ہیں کہ افغان سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: طالبان رجیم دہشتگردی پر پردہ ڈال رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ تجارت کی بندش سے تاجروں کو نقصان ہو رہا ہے، لیکن انسانی جانوں کا معاملہ تجارتی خسارے کے پیمانے سے نہیں ناپا جا سکتا۔ خودکش حملہ آور کو کبھی داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ ٹماٹروں اور اناروں کی آمد مناسب سیکیورٹی حالات سے مشروط ہے۔

افغانستان، ایران اور علاقائی سفارتکاری

ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحد کھلنے میں تاخیر کی ذمہ داری افغان طالبان پر عائد ہوتی ہے، اور انہیں فتنۃ الخوارج اور پاکستان میں افغان شہریوں کی جانب سے ہونے والے حملے روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ افغان وزیر کے بھارت دورے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ 2 خودمختار ممالک کا معاملہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کے ساتھ اس ہفتے دوطرفہ مذاکرات ہوئے جن میں باہمی تعلقات اور سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ، ای سی او اور ایس سی او میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:  پاک افغان مذاکرات میں پیشرفت، دفترِ خارجہ نے ڈیڈ لاک کی تردید کر دی

ایران کی ثالثی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ تاحال پاکستان کو کوئی باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ ایران کے جوہری پروگرام پر انہوں نے پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ مقررہ حدود کے اندر یورینیم افزودگی ایران کا حق ہے۔ پاکستان نہ تو ایران پر پابندیوں کی حمایت کرتا ہے اور نہ ہی اس کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی تائید کرتا ہے۔ پاکستان ایران، امریکا، آئی اے ای اے اور ای تھری کے مذاکرات کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی تصادم کے خلاف ہے۔

عالمی اور علاقائی مسائل: بھارت، فلسطین، شنگھائی تعاون تنظیم

ترجمان نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے روس میں ایس سی او اجلاس کے دوران افغانستان سمیت علاقائی مسائل کے حل کے لیے جامع مذاکرات کی تجویز کا ذکر بھی کیا۔

بھارت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دہلی لال قلعہ دھماکے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت مسلمانوں کی ریشل پروفائلنگ کر رہا ہے۔ پاکستان بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

مزید پڑھیں: افغان سرزمین سے دراندازی بند کی جائے، کشیدگی نہیں چاہتے، ترجمان دفترِ خارجہ

فلسطین کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے مسجد اقصیٰ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی ہے۔ اردن کے شاہ کے دورۂ پاکستان کے دوران بھی مسئلہ فلسطین پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جبکہ اقوام متحدہ میں متعلقہ قراردادوں کی پاکستانی حمایت بھی جاری ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے غزہ قرارداد پر حق میں ووٹ دیا جبکہ روس اور چین نے ووٹنگ سے اجتناب کیا تھا۔

صدر ٹرمپ کے بیانات اور خطے کی سیاست

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان بھارت متعلق حالیہ ریمارکس پر سوالات کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان پہلے بھی پاک بھارت کشیدگی میں صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کر چکا ہے، تاہم غزہ میں صدر ٹرمپ کیوں ناکام ہوئے جیسے سوالات پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے پاکستان کے ساتھ جنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، لیکن بھارت میں جس طرح جنگی جنون بڑھایا جا رہا ہے، وہ اس دعوے کی تصدیق نہیں کرتا۔

دیگر اہم نکات

پاکستان اور فن لینڈ، اور پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان بھی دو طرفہ مذاکرات ہوئے۔

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کے خلاف عدالتی فیصلے کو پاکستان نے بنگلہ دیش کا داخلی معاملہ قرار دیا۔

مزید پڑھیں:تجارت لوگوں کی جانوں سے بڑھ کر نہیں، سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے تک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بند رہے گی، پاکستان

پاکستانی طلبہ کی مغربی یورپ میں ویزہ مشکلات اور ڈیجیٹل پروفائلنگ کے مسائل انفرادی سطح پر دیکھے جا رہے ہیں۔

پاکستان کی ویزہ رجیم دیگر ممالک کے شہریوں کے لیے کافی لبرل ہے۔

ترکیہ کے ثالثی کردار پر پاکستان نے اظہارِ تشکر کیا، تاہم اعلیٰ سطحی دورے میں تاخیر پاکستان کے عدم تعاون کی وجہ سے نہیں۔

روس اور ایران نے بھی پاکستان افغانستان ثالثی کی پیشکش کی ہے، تاہم کسی ٹھوس اقدام کا آغاز نہیں ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فیفا کا رونالڈو کو بڑا ریلیف، فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت برقرار

وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ

’گلے لگانا میری فطرت ہے‘، اریکا کرک کی جے ڈی وینس سے گلے ملنے پر وضاحت

پاکستان میں منرل واٹر کے غیرمعیاری اور مضر صحت برانڈز کونسے ہیں؟ فہرست جاری

قومی اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

ویڈیو

جامعہ بلوچستان کے طلبہ کی آرٹ ایگزیبیشن، رنگوں، مجسموں اور خیالات سے سماجی و ماحولیاتی زخم بے نقاب

چولستان کے اونٹ کیوں مر رہے ہیں؟

وی ایکسکلوسیو: نظام کی بقا کے لیے خود کو مائنس کیا ورنہ اسمبلی توڑ دیتا تو آج بھی وزیراعظم ہوتا، چوہدری انوارالحق

کالم / تجزیہ

این اے 18 ہری پور سے ہار پی ٹی آئی کو لے کر بیٹھ سکتی ہے

دیوبند کا سب سے بڑا محسن : محمد علی جناح

پاکستان کا جی ایس پی پلس سفر جاری رہے گا