دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کے مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارے تیجاس کے گر کر تباہ ہونے پر اس کے ساختی نقائص کی واضح نشاندہی ہوتی ہے جس نے بھارت کے دفاعی سازوسامان پر سوالات کھڑے کردیے۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
یاد رہے کہ دبئی ایئر شو کے 5ویں اور آخری روز تیجاس گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ طیارہ فضا میں توازن کھونے کے بعد زمین سے ٹکرا گیا اور آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ واقعہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔
یہ متحدہ عرب امارات میں سنہ 1989 سے منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے فضائی میلے دبئی ایئر شو میں ہونے والا پہلا حادثہ ہے۔ اس طرح بھارتی فضائیہ نے اپنی نااہلی کے ذریعے اس عالیشان شو پر ایک بدنما داغ بھی لگا دیا ہے۔
فنی خرابی اور ساختی نقائص: ماہرین کیا کہتے ہیں؟
ایرواسپیس و دفاعی امور پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق حادثے کے پیچھے فنی خرابی اور ساختی نقائص ہو سکتے ہیں۔ طیارے کی پرواز سے قبل کی تصویروں میں لیکیج، پینل مس الائنمنٹ، وائبریشن اور دیگر مسائل واضح تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تیجس کے ترقیاتی پروگرام میں بدلتی اسپیسفکیشنز، ٹیکنالوجی گیپ اور غیر واضح ڈیزائن کے باعث مسائل پیدا ہوتے رہے جبکہ طیارے کے تھرسٹ، اسمارٹ لوڈ اور حرارتی دباؤ کے مسائل بھی سامنے آئے۔
مزید پڑھیے: دبئی ایئر شو : نااہل بھارتی فضائیہ نے دنیا کے سب سے بڑے فضائی ایونٹ کو بدنما داغ دے دیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ دیسی انجن کی ناکامی اور جی ای انجن کا ایئر فریم کے مطابق نہ ہونا بھی حادثے کے ممکنہ اسباب میں شامل ہو سکتے ہیں۔
پاکستانی دفاعی ماہرین نے بھی واقعے پر تبصرہ کیا۔ ایئرمارشل (ر) عاصم سلیمان نے کہا کہ دبئی ایئر شو میں گرنے والے طیارے میں فنی خرابی کی اطلاعات تھیں اور اس طرح کے حادثے بھارت اور بھارتی فضائیہ کی ساکھ پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی لڑاکا طیارے کی زمین بوسی کے لمحات، پائلٹ کس کام میں ناکام رہا
نیشنل سیکیورٹی کے ماہر سید محمد علی کے میڈیا میں شائع ہونے والے تبصرے کے مطابق سامنے آنے والی ویڈیو میں پائلٹ کی مس ججمنٹ بھی دیکھی جا سکتی ہے تاہم بھارتی فضائیہ ٹیکنالوجی اور وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود مختلف موقعوں پر اس کے 100 سے زائد طیارے گر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ تیجاس کو پیش آنے والا یہ پہلا حادثہ نہیں بلکہ مارچ 2024 میں بھی ایک تیجاس طیارہ راجستھان کے جیسلمیر میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا تاہم اب دبئی ایئر شو جیسے نامور عالمی شو میں بھی تیجاس اور بھارتی فضائیہ کی صلاحیتیوں کی قلعی کھل گئی۔












