ممبئی پولیس کی اینٹی نارکوٹکس سیل نے منشیات اسمگلنگ سینڈیکیٹ میں بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور کے بھائی سدھانت کپور کو طلب کر لیا ہے۔
سدھانت کو 25 نومبر کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا انفلوئنسر اورہان اواترامانی المعروف اوری کو بھی 26 نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ شردھا کپور کون سے پاکستانی گانے کی فین نکلیں؟
اس کیس میں تحقیقات ایک گرفتار شدہ منشیات اسمگلر کی جانب سے کی گئی دعووں پر مبنی ہے۔ گرفتار ملزم محمد سلیم محمد سہیل شیخ نے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں کہا کہ اس نے سیلیبریٹیز کے لیے پُرتعیش پارٹیوں کا اہتمام کیا۔ ان پارٹیوں میں شردھا کپور اور ان کے بھائی سدھانت کپور کے علاوہ نورا فتحی، فلم پروڈیوسرز عباس مستان اور ریپر لوکا کے نام بھی شامل ہیں۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ پارٹی میں نہ صرف بالی ووڈ شخصیات بلکہ بابا صدیق کے بیٹے اور نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما ذیشان صدیق، اور داؤد ابراہیم کی مرحوم بہن حسیہ پارکر کے بیٹے نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: داؤد ابراہیم کا سری لنکا کے سابق باغی گروہ سے اتحاد، بھارتی خفیہ اداروں کا انکشاف
تحقیقات ایک مبینہ منشیات اسمگلنگ سینڈیکیٹ سے متعلق ہیں، جو داؤد ابراہیم گینگ کے ساتھ جڑا ہوا بتایا جاتا ہے۔ ملزم کے مطابق یہ سرگرمیاں فرار منشیات کنگ پنک سلیم ڈولا کے قریبی معاون کے ذریعے منعقد کی جاتی تھیں۔

پولیس نے سدھانت کپور اور دیگر مشتبہ افراد سے تفصیلی پوچھ گچھ کرنے کے لیے پیشی کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ منشیات کی اسمگلنگ اور پارٹیوں کے حوالے سے حقائق سامنے آسکیں۔












