صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے 8 بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے انجام کو پہنچائے جانے پر جوانوں کے جذبے، عزم اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی فورسز نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ وہ ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا میں 3 الگ آپریشنز میں 7 فتنۃ الخوارج ہلاک، سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی جاری
انہوں نے کہا کہ خوارج کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کو مزید مستحکم کر رہی ہیں، جبکہ بھارتی سرپرستی میں چلنے والے منظم دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
صدر زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ملک کی بقا اور امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع بنوں میں فتنۂ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن کے دوران فتنۂ الخوارج کے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی بہترین منصوبہ بندی، پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کا صفایا، سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے کہا کہ ویژن “عزمِ استحکام” کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں اور مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست پوری قوت کے ساتھ اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس فیصلہ کن جدوجہد میں اپنی افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔














