عمران خان کو مائنس کرنا ہے، پھر پی ڈی ایم نے کس سے الیکشن لڑنا ہے؟ شیخ رشید

پیر 22 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو نااہل یا مائنس کرنا ہے تو پھر پی ڈی ایم نے کس کے ساتھ الیکشن لڑنا ہے؟ ’میری اور میرے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کے لیے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔ میرے سٹاف کو اٹھا کر لے گئے ہیں جب تک پولیس گرفتارنہیں کر لیتی ٹوئیٹر کے ذریعے قوم سے رابطہ رکھوں گا۔‘

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ’ صرف سپریم کورٹ سیاسی بحران سے نکال سکتی ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام، بجٹ بحران معشیت تباہ دوست ملکوں سے کٹی یہ ہے حکومت کی کارکردگی۔‘

’میری اور میرے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کے لیے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔ میرے سٹاف کو اٹھا کر لے گئے ہیں جب تک پولیس گرفتار نہیں کر لیتی ٹوئٹر کے ذریعے قوم سے رابطہ رکھوں گا‘

اپنی ایک اور ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو نااہل یا مائنس کرنا ہے تو پھر پی ڈی ایم نے کس کے ساتھ الیکشن لڑنا ہے؟ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ چادر اور چار دیواری کو روندنے والی ن لیگ دفن اور پی ڈی ایم کا کفن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ کرپٹ حکومت کو سپورٹ نہ دی جائے۔ پہلے ہی غریب مر رہا ہے، ڈالر بڑھ رہا ہے۔ اب دوائیوں کی قیمت میں مزید20 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ’ 9مئی پر لوگ پشیمان ہیں۔ سازش سے غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ عوام اور اداروں میں دوری ہوچکی۔ گلی محلے سے بےگناہ بچے اٹھائیں گے تو ماؤں کی بدعائیں لگیں گی۔ نفرت اور بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے جسے ختم ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ غریب مٹی ملا آٹا کھا رہا ہے نوازشریف گھر سے باہر قدم نہیں رکھ سکتا۔ اس لیے پاکستانی اورسیز کو ڈرایا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp