محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں آج شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کر دی۔ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 26 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے میں خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے کے حساس اضلاع کے کاشتکاروں کے لیے ضروری ہدایات جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ کسان پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کے لیے مناسب انتظام کریں، تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے فصلوں (گندم) کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے، چرواہے اپنے مویشیوں کا مناسب طریقے سے انتظام کریں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائیں۔ پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس روڈ لنکس کی بحالی کے لیے چوکس رہیں۔ کھڑی فصلوں اور مویشیوں پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہی کو یقینی بنائیں۔
سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے ٹریفک کے متبادل راستے فراہم کر کیے جائیں، حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔ طبی عملے اور ادویات سمیت بنیادی اشیاء کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے ،پی ای او سی کو صورتحال کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے۔
۔پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں کہا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام معلومات اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔