پسنی کے ساحل پر نایاب اسپنر ڈولفن مردہ حالت میں برآمد، ڈبلیو ڈبلیو ایف کا اظہار تشویش

پیر 24 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ساحل پر ایک اسپنر ڈولفن مردہ حالت میں برآمد ہوئی، جس کے بارے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پولیس اور مقامی ماہی گیروں کے مطابق ڈولفن جال میں پھنس کر ہلاک ہوئی اور بعد میں مقامی ماہی گیروں نے اسے ساحل پر پھینک دیا۔ یہ واقعہ ساحلی علاقے میں ڈولفن کی ہلاکت کا حال ہی میں پیش آنے والا دوسرا معاملہ ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نو فشنگ زونز اور سمندری پناہ گاہیں قائم کی جائیں تاکہ سمندری حیات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے: تونسہ بیراج میں پانی کی سطح کم، 5 بلائنڈ انڈس ڈولفن بے بیز کامیابی سے ریسکیو

بلوچستان کے ساحلی علاقے اپنی منفرد سمندری حیات کے لیے جانے جاتے ہیں، جہاں مختلف اقسام کی مچھلیاں، ڈولفن، کھلے سمندری پرندے اور دیگر آبی جانور پائے جاتے ہیں۔ یہ خطہ نہ صرف ماہی گیری کے لیے اہم ہے بلکہ نایاب اور خطرے سے دوچار سمندری انواع کا مسکن بھی ہے۔

تاہم بڑھتی ہوئی غیر قانونی ماہی گیری، جالوں میں پھنسنے اور سمندری آلودگی کی وجہ سے یہاں کی سمندری حیات شدید خطرات کا شکار ہے۔ ماحولیات کے ادارے اس بات پر زور دیتے ہیں کہ نو فشنگ زونز اور سمندری پناہ گاہوں کے قیام کے ذریعے بلوچستا‌ن کے سمندری ماحولیاتی نظام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp