سندھ بلدیاتی انتخابات: نو منتخب نمائندوں نے حلف اٹھا لیا، رہ جانے والے کل حلف لے سکیں گے

پیر 22 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی سمیت سندھ کے 30 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مرحلوں اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جن نمائندوں نے کسی بھی وجہ سے حلف نہیں لیا وہ کل تک حلف اٹھا سکتے ہیں۔

نارتھ ناظم آباد میں یو سی ون سے یوسی 10 کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسلرز نےحلف اٹھا لیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بھی یوسی چیئرمین کا حلف لے لیا، اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد ہاظم بنگوار نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا نارتھ ناظم آباد یو سی 10 کے نو منتخب چیئرمین عمر دراز جیل میں ہیں،ان کے پروڈکشن آڈر جاری نہیں ہوئے۔

ضلع غربی منگھو پیر کی یو سی 9 سے 16 تک کے نمائندوں نے بھی حلف اٹھا لیا۔ ریٹرننگ افسر اور اسسٹنٹ کمشنر اورنگی اشرف سانگری نے اراکین سےحلف لیا۔

وسطی گلبرگ ٹاؤن کے 48 منتخب بلدیاتی نمائندوں جبکہ ڈی ایم سی شرقی 7 یونین کمیٹیز کے 42 ارکان نے بھی حلف اٹھا لیا، حلف اٹھانے والوں میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز شامل ہیں۔ ضلع ملیر کی 3 ٹاؤن کمیٹیز ملیر، گڈاپ اور ابراہیم حیدری کے نمائندوں نے بھی حلف اٹھایا، ریٹرننگ آفیسرز نے بلدیاتی نمائندوں سے عہدے کا حلف لیا۔

جیکب آباد میں 44 ضلع کونسل، 31 میونسپل کمیٹی، 10 میونسپل کمیٹی ٹھل سمیت ضلع بھر کے مجموعی طور پر 176 یو سی اور وارڈ ممبران نے حلف اٹھا لیا۔

حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص سمیت سندھ کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مراحل میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جن نمائندوں نے کسی بھی وجہ سے حلف نہیں لیا وہ کل تک حلف اٹھا سکتے ہیں۔
میرپور خاص میں 302، سانگھڑ میں 632 اور عمر کوٹ میں 339، شکار پور میں 89، جبکہ کندھ کوٹ میں 300 بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھایا۔

حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 9 ٹاؤنز میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی حلف برداری کی تقریب مختلف مقامات پر ہوئی۔ جہاں چیئرمین، وائس چیئرمین سمیت 795 امیدواروں نے حلف اٹھایا۔

سکھر میں حلف برداری کی مرکزی تقریب سکھر آئی بی اے ہال میں جبکہ دوسری حلف برداری ضلع کونسل ہال میں ہوئی جہاں مجموعی طور پر ضلع کے 531 سے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھایا۔

نوابشاہ میں ضلع کونسل کے 59 نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔ تاہم 2 ممبران مصروفیت کے باعث غیر حاضر رہے جو کل تک حلف اٹھا سکتے ہیں۔

بدین میں 94 اور مٹیاری میں 62 نو منتخب امیدواروں نے حلف لیا جبکہ لاڑکانہ، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈومحمدخان، ٹنڈوالہ یار، گھوٹکی، جامشورو، مٹیاری، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز اور تھرپارکر میں بھی نومنتخب بلدیاتی امیدواروں نے حلف لے لیا۔

کراچی کا میئرجماعت اسلامی کا ہوگا: حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ ووٹ جماعت اسلامی نے حاصل کیے ہیں۔ میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔ پیپلز پارٹی نے چنیسر ٹاؤن میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی پکڑ دھکڑ شروع کر رکھی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ملک توڑ دیا لیکن دھاندلی نہیں چھوڑی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم بنی ہوئی ہے ان کو کراچی پر قبضہ کرنے نہیں دیں گے، آپ کے پاس اکثریت کی نہیں عسکریت کی حمایت ہے ہم پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔

پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری کی مذمت

پی ٹی آئی کراچی کے مطابق پولیس نے یو سی 5 چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین شاہد انصاری اور وائس چیئرمین راؤ وسیم کو حلف سے پہلے گرفتار کرلیا۔ پی ٹی آئی کراچی نے بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

پی ٹی آئی کراچی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں منتخب نمائندوں کو ڈی سی آفس کے اندر سے حلف برداری سے قبل گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری سے پیپلز پارٹی کی بدنیتی صاف ظاہر ہوتی ہے، کل تک سندھ حکومت بیانات دے رہی تھی کہ کسی بلدیاتی نمائندے کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے چور دروازے سے اپنا میئر لانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کو 2 نمبری سے کراچی کی میئر شپ پر قابض نہیں ہونے دیں گے، گرفتار بلدیاتی نمائندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی راجہ اظہر کا بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری پر رد عمل

راجا اظہر نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن یو سی 5 کے چیئرمین امجد حسین ایم پی او کے تحت گرفتار ہیں، امجد حسین کو حلف اٹھانے کے لیے پیش نہیں کیا گیا، امجد حسین کو پیش نہ کرنا پیپلز پارٹی کی بدنیتی واضح کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا آج یوسی 5 چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، دونوں منتخب نمائندوں کو ڈی سی آفس کے اندر سے گرفتار کیا گیا ہے، ڈی سی آفس کے اندر گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈی سی خود ملوث ہیں، ڈی سی ایسٹ پیپلز پارٹی کی سہولت کاری میں مصروف ہے، پولیس بلدیاتی نمائندوں کو گرفتار کرنے کے بجائے اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرے اور تمام گرفتار بلدیاتی نمائندوں کو فوری حلف کے لیے پیش کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp