چوہدری وجاہت حسین نے پرویز الٰہی کو خیر باد کہہ دیا، شجاعت گروپ میں واپسی

پیر 22 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر سیاستدان چوہدری وجاہت حسین نے پرویز الٰہی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین گروپ میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین، چوہدری شافع حسین اور موسیٰ الٰہی نے کہا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ جو فیصلے کیے گئے وہ غلط تھے۔ 9 مئی کو فوجی اور سول تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ پورا پاکستان 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر رہا ہے۔ دعا کریں کہ ہمارا پورا خاندان مستقبل میں اکٹھا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے جنھوں نے دراڑیں ڈالی ہیں وہی ٹھیک کر رہے ہوں۔ جو باتیں میرے سے منسوب کی جا رہی ہیں وہ درست نہیں۔ مجھ پر قائم مقدمات کا بھی حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

تحریک انصاف نے میرا کوئی تعلق یا واسطہ نہیں رہا: چوہدری شافع

ایک سوال کے جواب میں چوہدری شافع حسین نے کہا کہ تحریک انصاف سے میرا کوئی تعلق یا واسطہ نہیں رہا۔ مونس الٰہی نے آج سے 6 ماہ قبل یہ کہہ دیا تھا کہ ہماری سیاست اپنی اپنی ہو گی خاندانی تعلقات بھی برقرار رہیں گے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ خاندان کو اکٹھے چلنا چاہیے مگر جب کچھ لوگوں میں ’میں‘ آ جاتی ہے تو معاملات خراب ہو جاتے ہیں۔ سب کو معلوم ہے کہ ساڑھے 3 سال تک پنجاب میں کیا ہوتا رہا۔

چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ میرا کچھ عرصے سے مونس الٰہی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔ حسین الٰہی مسلم لیگ کے ٹکٹ پر ایم این اے ہے وہ مجھ سے ہٹ کر کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔

چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ میں پرویز الٰہی کو مشورہ دوں گا کہ اپنے گھر واپس آ جائیں۔ ہمیں اکٹھے مل کر آگے چلنا چاہیے۔

اس موقع پر موسیٰ الٰہی نے کہا کہ ہم تحریک انصاف پر پابندی کے حق میں نہیں مگر جن لوگوں نے 9 مئی کو احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کی ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp