وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے بیرونِ ملک مقیم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں پر سخت تنقید کی ہے۔
ایکس پر پیٖغام شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما پہلے ملک کو نقصان پہنچاتے رہے اور اب بیرونِ ملک پاکستانیوں سے رقوم اکٹھی کرکے پُرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: توہمات پر یقین رکھنے والے اقتدار میں آئیں تو سلامتی کے لیے خطرہ بنتے ہیں، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما یورپ میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سہولت کے خلاف مہم چلا کر قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اگر ان میں ہمت ہے تو پاکستان آ کر سیاسی جنگ لڑیں، پاکستان کی لڑائیاں پاکستان کی سرزمین پر ہی لڑی جاتی ہیں۔
لیگی رہنما نے بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دونوں نے سیاسی آزمائشوں کا سامنا کیا، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور ان کے خاندانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، مگر انہوں نے کبھی ملک کے مفادات کے خلاف قدم نہیں اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا پہلا مہینہ کیسا گزرا؟
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے اقتدار سے محرومی کے بعد پہلے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور اب پاکستانی برآمدات کو کمزور کرنے کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ایسا رویہ اگر دشمن ملک اختیار کرے تو سمجھ آتی ہے، لیکن خود کو پاکستانی کہنے والے اگر یہ کریں تو یہ کھلی غداری ہے۔














