بولڈ شخصیت اور صاف گوئی کے باعث شہرت رکھنے والی ماڈل و ٹی وی میزبان متھیرا ان دنوں سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، جہاں فیشن شو میں ان کی ریمپ واک کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
وائرل ویڈیو کے بعد متعدد صارفین نے ان کی واک اور جسامت پر اعتراضات کیے۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ متھیرا پہلے زیادہ خوبصورت دکھتی تھیں جبکہ اب ان کا وزن بڑھ گیا ہے۔ ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کیا کہ ’اس سے اچھی واک تو میں کر لوں‘، جبکہ کچھ نے انہیں ملازمہ جیسی قرار دے کر تنقید کو مزید سخت کر دیا۔
View this post on Instagram
مسلسل تنقید کے بعد متھیرا نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ لوگ ان کے بارے میں منفی باتیں بنا رہے ہیں، حالانکہ وہ صرف اپنی صحت پر توجہ دیتے ہوئے خوش رہنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ متھیرا کے مطابق انہیں شو میں بطور ماڈل مدعو کیا گیا تھا اور انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، تاہم بیمار ذہنیت رکھنے والے پیجز ان کے خلاف بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ میرا گھٹنے کا آپریشن ہوا ہے، تھائرائڈ کے مسائل بھی چل رہے ہیں، پھر بھی لوگ اس طرح کا رویّہ اختیار کرتے ہیں۔ ایسے پیجز اور ان پر پوسٹ کرنے والے تمام لوگوں پر حقیقت میں شرم آتی ہے۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ وہ ایک تنگ نظر معاشرے میں باحوصلہ انداز سے زندگی گزار رہی ہیں اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتی رہیں گی۔ ان کے مطابق، میں اپنے لیے ایسے چلوں گی جیسے دنیا پر میرا ہی اختیار ہو۔













