پاکستانی مارشل آرٹ شاہزیب رند کی فرانسیسی حریف کو شکست

پیر 22 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی مارشل آرٹ شاہزیب رند نے کراٹے کومبیٹ میں فرانسیسی کھلاڑی کو شکست دے کر کیریئر کی دوسری کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔

امریکا کی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں 39 ویں کراٹے کامبیٹ کے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے مکس مارشل آرٹس کھلاڑی شاہ زیب رند نے لائٹ ویٹ کیٹیگری میں فرانس سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ ٹومی ایزوزا کو شکست دے دی۔

شاہ زیب اور ٹومی ایزوزا کے درمیان 3،3 منٹ پر مشتمل 3 راؤنڈز کا مقابلہ ہوا۔ مقابلے کے 3 میں سے 2 راؤنڈز میں شاہ زیب نے مد مقابل کھلاڑی پر لاتوں اور گھونسوں کے ایسے وار کیے کے وہ ٹک نہ پایا۔ تاہم پوائنٹس کی بنیاد پر شاہ زیب کو فاتح قرار دیا گیا۔

مقابلے کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین بھی جمع تھے۔ شاہ زیب رند کی جیت پر شائقین کی جانب سے پاکستانی مکس مارشل آرٹس کھلاڑی کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی جس پر فرانسیسی کھلاڑی ٹومی ایزوزا اور اس کے ساتھ آنے والے آفیشلز آپے سے باہر ہوگئے۔ ٹومی ایزوزا کی جانب سے تلخ کلامی جبکہ آفیشلز نے شائقین پر کرسی سے حملہ کیا تاہم اس دوران ریفری کی جانب سے ٹومی ایزوزا اور اس کے ساتھ آنے والے آفیشلز کو روکا گیا۔

اس واقعہ سے 3 روز قبل شاہ زیب رند اور ٹومی ایزوزا کے درمیان ہونے والے فیس آف میں بھی پاکستانی اور فرانسیسی کھلاڑی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ دیکھنے کو ملا اس وقت بھی ریفری کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے دور کیا گیا تھا۔

اپنی فتح کے بعد شاہ زیب رند نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اپنے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ٹومی ایزوزا سے مقابلہ انتہائی سخت تھا لیکن قوم اور ماں باپ کی دعاؤں سے وطن عزیز کے لیے دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ شاہ زیب پہلے پاکستانی ہیں جو کراٹے کمبیٹ لیگ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ اس سے قبل رواں برس اپریل میں اپنے پہلے میچ میں وینزویلا کے گبو ڈیاز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp