آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ حکومتی تبدیلی کے بعد سیاسی صورتحال میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔
اپوزیشن بینچوں پر قیادت کی تبدیلی کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی درخواست باضابطہ طور پر جمع کروا دی گئی ہے، پارٹی نے شاہ غلام قادر کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی، راجہ فاروق حیدر
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آج اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے چیمبر میں قائد حزبِ اختلاف کی تبدیلی کی درخواست جمع کروا دی، جس کے بعد ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی کرسی پر بڑی سیاسی کشمکش شروع ہو گئی ہے۔
مسلم لیگ نون کے صدر شاہ غلام قادر نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ اس وقت ایوان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے، اس لیے اپوزیشن لیڈر کا منصب ان کا حق ہے۔ پارٹی نے شاہ غلام قادر کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔
شاہ غلام قادر کے مطابق مسلم لیگ نون کو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اس وقت ن لیگ کے پاس ایوان میں 9 اراکین اسمبلی موجود ہیں، جبکہ مسلم کانفرنس کی حمایت نے ان کے نمبر مزید مضبوط کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: شہباز شریف کا آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے مکمل تعاون کے عزم کا اظہار
اس وقت ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کے خواجہ فاروق احمد اپوزیشن لیڈر ہیں۔ تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے درخواست جمع ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور آئندہ چند روز میں صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔














