بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ ہم ہر میڈیا چینلز پر جائیں گے، ہم نے بھارتی میڈیا سے بات کی ہے بھارتی حکومت سے نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پاکستان سے زیادہ مسلمان رہتے ہیں۔ عمران خان ایک عالمی لیڈر ہیں، بھارت کے مسلمان بھی عمران خان کو پسند کرتے ہیں اور ان کی امید بھی عمران خان ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کا دھرنا ختم
علیمہ خان نے کہا کہ ہم ہر انٹرنیشنل میڈیا پر جائیں گے۔ میڈیا لوگوں کے نمائندے ہوتے ہیں، ہم انڈین حکومت سے نہیں میڈیا سے بات کررہے ہیں، انگلینڈ، امریکا ہو یا انڈیا سب جگہ سے ہمارے ساتھ لوگ رابطہ کررہے ہیں اور انہیں عمران خان کی فکر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو انڈین میڈیا سے بات کرنے کی فکر ہے لیکن عمران خان سے کیا ہورہا ہے اس کی فکر نہیں ہے، وہ غیرقانونی طور پر قید سابق وزیراعظم ہیں اس پر بھی میڈیا کو آواز اٹھانی چاہیے۔












