پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو سیاسی جلسوں اور احتجاجی ریلیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال سے روک دیا۔
14 نومبر کو پشاور ہائیکورٹ کے جج صاحبزادہ اسد اللہ نے فیصلہ سناتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی احتجاج، لانگ مارچ، ریلی یا کسی بھی سیاسی سرگرمی کے لیے سرکاری گاڑی، مشینری یا عملے کا استعمال نہ کرے اور نہ ہی ایسا کرنے کی اجازت دی جائے۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ریسکیو وسائل دھرنوں میں جھونک دیے؟ پشاور ہائیکورٹ نے جواب طلب کر لیا
عدالت نے صوبائی حکومت کے خلاف دائر درخواست پر 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں واضح کیا گیا کہ سیاسی سرگرمیوں کے دوران کسی بھی سرکاری مشینری یا عملے کا استعمال ممنوع ہوگا۔
درخواست گزار کے مطابق صوبائی حکومت نے ماضی میں جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل استعمال کیے تھے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ سیاسی تقریبات میں کوئی سرکاری وسیلہ استعمال نہ ہو۔
عدالت نے مزید کہاکہ احتجاج میں استعمال ہونے والی مشینری اب وفاق کے قبضے میں ہے، اور سرکاری وسائل کا سیاسی سرگرمیوں میں استعمال آئین کے آرٹیکل 4، 5 اور 25 کے خلاف ہے۔
عدالت نے کہاکہ سرکاری وسائل کا استعمال قومی خزانے کے ضیاع کے مترادف ہے اور ریاست کو چاہیے کہ سرکاری اور سیاسی تقریبات میں واضح تفریق کرے۔ سرکاری مشینری کا استعمال حکومت کی غیرجانبداری کو متاثر کرتا ہے اور انتظامیہ کے اصولوں کے خلاف بھی ہے۔
مزید پڑھیں: سرکاری وسائل پر ریاست مخالف پراپیگنڈا، پی ٹی آئی کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا
فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ سرکاری وسائل کا استعمال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے اسلام آباد کی جانب مارچ کیا تھا، اور اس دوران اسلام آباد انتظامیہ نے خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری قبضے میں لے لی تھی۔











