طیب اردوان کی بڑی کامیابی، تیسرے نمبر کے امیدوار نے حمایت کردی

منگل 23 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

14 مئی کو منعقد ہونے والے ترکیہ کے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار سنان اوعان نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں طیب اردوان کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اتا اتحاد کے رہنما سنان اوعان کی جانب سے طیب اردوان کی حمایت کے بیان کو عالمی میڈیا میں وسیع کوریج ملی ہے کیونکہ پوری دنیا کی نظریں سنان اوعان پر مرکوز تھیں کہ وہ 2 بڑے امیدواروں یعنی طیب اردوان اور کمال قلچدار اوغلو میں سے کس کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 5.17 فیصد ووٹ حاصل کرنے والے سنان اوعان نے انقرہ میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ 28 مئی کو ہونے والے دوسرے راؤنڈ میں اپنے حریف کمال قلچدار کے بجائے طیب اردوان کی حمایت کریں گے۔

واضح رہے کہ اردوان نے پہلے راؤنڈ میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے اور وہ محض 0.5 فیصد ووٹوں کی کمی سے ان انتخابات میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔ اس تناظر میں طیب اردوان کو کامیابی کے لیے معمولی حمایت کی ضرورت تھی البتہ کمال اوغلو کو کامیابی کے لیے سنان اوعان کے سارے ووٹ بینک کی ضرورت تھی۔ طیب اردوان کی ضرورت کسی بھی دوسرے فیکٹر کو فعال کرنے سے پوری ہوجاتی، البتہ کمال اوغلو کی کامیابی سنان اوعان کے ووٹ بینک کے بغیر ممکن نظر نہیں آتی۔

اوعان نے حمایت کی شرط کے طور پر ’پناہ گزینوں اور دہشتگرد گروہوں کے لیے سخت پالیسیوں‘ کی درخواست کی ہے۔

گزشتہ ہفتے سی این این سے ایک انٹرویو کے دوران اوعان نے کہا کہ ’ہمارے ووٹر ہم پر بہت اعتماد کرتے ہیں، اور جہاں ہمیں ان کی ضرورت ہوگی وہ یقیناً ہمارا ساتھ دیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مہم نے نیشنلسٹوں کو کلیدی حیثیت دلا دی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہمارا فیصلہ ملک اور قوم کے لیے درست ثابت ہوگا۔

سنان اوعان کے اس بیان کے بعد کمال قلچدار اوغلو کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ قلچدار اوغلو نے کہا کہ ’یہ واضح ہوگیا ہے کہ کون اس خوبصورت ملک کو بیچنے کے حق میں ہے! ہم اس ملک کو دہشتگردی اور مہاجرین سے بچانے کے لیے آرہے ہیں، یہ ریفرنڈم ہے، کوئی کسی کو بے وقوف نہیں بنا سکے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنے 80 لاکھ شہریوں اور اپنے تمام نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں جنہوں نے پہلے راؤنڈ میں ووٹ نہیں ڈالا کہ وہ لازمی ووٹ دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp