بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ جیا بچن حالیہ دنوں اپنے ایک انٹرویو کے باعث سرخیوں میں ہیں جس میں انہوں نے شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق بے باکی سے اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ شادی کا تصور اب پرانا ہو چکا ہے۔
جیا بچن سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کے شوہر امیتابھ بچن بھی شادی کے حوالے سے انہی خیالات کے حامل ہیں تو جیا بچن نے جواب دیا کہ ’میں نے ان سے نہیں پوچھا وہ شاید کہیں کہ میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی ہے لیکن میں یہ سننا نہیں چاہتی‘۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’میں شادی کے حق میں نہیں ہوں‘، جیا بچن کے تازہ بیان نے نئی بحث چھیڑ دی
انٹرویو میں میزبان نے ان سے سوال کیا تھا کہ اگر ان کی نواسی نویا ان کی طرح شادی کے بعد اپنا کیریئر ترک کر دے تو کیا وہ اس پر اعتراض کریں گی؟ اس پر جیا بچن کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں چاہتی کہ میری نواسی نویا شادی کرے‘۔
شادی پر تنقیدی رائے رکھنے کے باوجود جیا بچن نے اعتراف کیا کہ امیتابھ بچن کے لیے ان کی محبت ’پہلی نظر‘ میں ہوئی تھی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ کو پرانے زخموں کو چھیڑنا ضروری ہے؟ میں 52 سال سے اسی آدمی کے ساتھ ہوں، اس سے زیادہ پیار نہیں کر سکتی‘۔














