ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان خصوصی افراد کے حقوق، وقار اور مکمل سماجی شمولیت کے لیے پُرعزم ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی زندگی میں خصوصی افراد کی بھرپور شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے رسائی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں متعدد اقدامات جاری ہیں جن کا مقصد خصوصی افراد کو سہولتوں، مواقع اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
مزید پڑھیں: خصوصی افراد کا عالمی دن، بھارتی مظالم سے ہزاروں افراد زندگی بھر کے لیے معذور
انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو، سرٹیفیکیشن اور سماجی تحفظ میں آسانیاں اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ حکومت خصوصی افراد کے لیے بہتر روزگار، نقل و حرکت اور خودمختاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔
صدر مملکت نے زور دیا کہ ایک منصفانہ معاشرہ وہی ہے جہاں ہر فرد کو یکساں سہولتیں حاصل ہوں۔ ان کے مطابق خصوصی افراد کی راہ میں حائل جسمانی، سماجی اور رویّوں پر مبنی رکاوٹوں کو دور کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: ’آٹزم کے شکار بچے کو پلے ایریا میں جانے سے روک دیا گیا‘، ماں کا احتجاج، صارفین برہم
انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کی شناخت اور وقار کا احترام کیا جائے کیونکہ تعلیم، کاروبار اور ترقی میں ان کی شرکت قومی مستقبل اور اجتماعی قوت کے لیے اہم ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ایسا پاکستان تعمیر کریں گے جو ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی، شمولیت پر مبنی اور مساوی مواقع کا حامل ہو۔














