وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ہفتے کے اختتام پر واشنگٹن میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل ڈرا میں شرکت کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کے مطابق جمعہ کو صدر ٹرمپ کینیڈی سینٹر میں فیفا ورلڈ کپ فائنل ڈرا میں شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ کپ شائقین کے لیے ’فیفا پاس‘ متعارف کرنے کا اعلان کردیا
امریکا اگلے سال اپنی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ 2026 کو اپنی صدارت کا مرکزی ایونٹ قرار دے رہا ہے۔ امریکا یہ ٹورنامنٹ کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ مشترکہ طور پر میزبانی کر رہا ہے۔
اگرچہ ورلڈ کپ کو ایک عالمی جشن سمجھا جا رہا ہے، لیکن ایونٹ امریکا میں جاری سیاسی کشیدگی سے محفوظ نہ رہ سکا ہے۔ صدر ٹرمپ کی سخت گیر پالیسیوں خصوصاً غیر قانونی تارکینِ وطن اور بعض ڈیموکریٹک اکثریتی شہروں میں مبینہ جرائم کے بارے میں ان کے بیانات نے کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ کو بھی سیاسی بحث کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ٹرمپ نے چند بار یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ اگر بعض امریکی میزبان شہروں میں جرائم اور غیر قانونی نقل مکانی کے مسائل حل نہ ہوئے تو وہ کچھ میچز ان شہروں سے منتقل کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ’پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے‘، فیفا نائب صدر کا اعلان
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح کے اس بڑے ٹورنامنٹ کے لیے صدر ٹرمپ کی موجودگی امریکی سفارت کاری، عالمی امیج اور اندرونی سیاست پر اثر ڈال سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک اندرونی تقسیم اور سخت پالیسی مباحث کا سامنا کر رہا ہے۔
ورلڈ کپ کا فائنل ڈرا اس جمعہ کو واشنگٹن میں منعقد ہوگا، جس کے لیے سیکیورٹی اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔














