سعودی عرب کے ترقیاتی فنڈ (ایس ڈی ایف) نے مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے جمع کرائے گئے 3 ارب امریکی ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی۔
مزید پڑھیں: پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس، سعودی وفد کی توجہ کا مرکز کیا تھا؟
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یہ رقم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائی گئی ہے، جس کی مدت 8 دسمبر کو مکمل ہو رہی تھی۔
ڈپازٹ کی مدت میں یہ توسیع اسلامی جمہوریہ پاکستان کے لیے سعودی عرب کی جانب سے جاری تعاون کا تسلسل ہے، جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے اور ملک کی اقتصادی ترقی و بہتری میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ 3 ارب ڈالر کا یہ ڈپازٹ ابتدائی طور پر 2021 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھا گیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک مسلسل رول اوور کیا جاتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، اور پاکستان حرمین شریفین کے دفاع کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 سے سیکھنے کے لیے پُرعزم ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی معاہدہ ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ملکوں پر حملہ تصور کیا جائےگا۔












