لاہور ہائیکورٹ: ایل ڈی اے ماسٹر پلان 2050 کے ٹی او آرز طلب

منگل 23 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کے ٹی او آرز طلب کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کو کالعدم قرار دینے کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری میاں عبدالرحمان کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار میاں عبدالرحمان نے مؤقف اپنایا ہے کہ راوی کے کنارے بستیاں بسانے اور لاہور کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے کے نام پرمنصوبہ شروع کیا گیا،عدالت نے زرعی زمین محفوظ بنانے اور جنگلات لگانے کا حکم دیا۔

شہری میاں عبدالرحمان کے مطابق عدالتی حکم کے برعکس روڈا ادارہ بنا کرلاہور کے لیے ماسٹر پلان 2050 کا نفاد کر دیا گیا ہے، ماسٹر پلان کے تحت نہ صرف درختوں کو کاٹے جانے کا خدشہ ہے بلکہ ماحولیات تباہ ہوجائیں گی، مبینہ ماسٹر پلان سے لاہور کے اردگرد زرعی علاقے ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کو بدنیتی پر مبنی اور غیر قانونی قرار دیا جائے۔

عدالت نے منصوبے کے کنسلٹنٹس کو ٹی او آرز جمع کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پراجیکٹ کے سکوپ کے بارے میں بھی آگاہ کیا جاٸے۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ ایل ڈی اے کسی سینٸر افسر کو فوکل پرسن مقرر کرے، کیس کی سماعت 15 دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp