وزیرِاعظم شہباز شریف کی دعوت پر انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو 8 اور 9 دسمبر 2025 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق یہ صدر پرابووو سوبیانتو کا پہلا دورۂ پاکستان ہوگا، جبکہ انڈونیشیا کی جانب سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں اس وقت کے صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پائلٹس نے جے 10 کو چار چاند لگادیے، انڈونیشیا چینی طیارے خریدنے پر تیار
رواں سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے، جس کے باعث یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔
صدر پرابووو سوبیانتو اپنے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی وزارتی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔
🔊PR No.3️⃣6️⃣8️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣5️⃣
Curtain Raiser: Visit of the President of the Republic of Indonesia, H.E. Prabowo Subianto, to Pakistan (8-9 December 2025)
🔗⬇️https://t.co/mQdLMN4Ohi pic.twitter.com/ObTjZdQzNK
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) December 7, 2025
وہ وزیرِاعظم شہباز شریف سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جب کہ صدرِ پاکستان آصف زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم 10 ارب ڈالرز تک بڑھانے کے خواہشمند ہیں، انڈونیشیا
اس کے علاوہ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی صدر پرابووو سبیانتو سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق فریقین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے وسیع البنیاد ایجنڈے پر گفتگو کریں گے۔
مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، ماحولیات، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پاک انڈونیشیا مشترکہ فوجی مشق شاہین اسٹرائیک II کامیابی سے مکمل
دونوں ممالک علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون میں اضافہ کرنے پر بھی غور کریں گے، جب کہ متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔
’صدر پرابووو سوبیانتو کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے نئے در وا کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔‘












