وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان کے لیے بجلی کے اہم منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
پاور سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی سے متعلق جامع منصوبے پر فوری عملدرآمد کی منظوری دی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ’روشن معیشت بجلی پیکیج‘، صنعت و زراعت کے لیے 3 سالہ رعایتی منصوبے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ گوادر میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی مقامی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گی۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif chairs meeting on power sector initiatives in Gawadar and Gigilt Baltistan.@CMShehbaz pic.twitter.com/zTOkPylmUV
— PTV News (@PTVNewsOfficial) December 8, 2025
شہباز شریف نے اعتماد ظاہر کیا کہ بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی مستقل فراہمی سے گوادر کی بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ بنے گی اور مستقبل کی معاشی سرگرمیوں کا اہم مرکز ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے یہ بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے سولر منصوبے سے ماحول دوست، مستحکم اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
مزید پڑھیں:چین کے اشتراک سے ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر، پاکستانیوں کو کتنا فائدہ ہوگا؟
انہوں نے اس منصوبے پر فوری کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر حکومت کا بڑا فیصلہ: منگلا ڈیم متاثرین کے بجلی کے تمام بقایا جات معاف
وفاقی حکومت صنعتی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں قائم کمیٹی اور وزارت توانائی کی سفارشات کی بھی تعریف کی، جنہوں نے بجلی کے مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع تجاویز پیش کیں۔
انہوں نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ فوری، قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر مشتمل جامع حکمتِ عملی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: ترقیاتی منصوبے شفافیت کے ساتھ جلد مکمل کیے جائیں، وزیراعظم شہباز شریف
اجلاس میں بتایا گیا کہ گوادر میں گھریلو اور کاروباری صارفین کے لیے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کے لیے زمین، کمیونیکیشن، انفرااسٹرکچر اور دیگر سہولیات مقررہ مدت میں فراہم کی جائیں گی۔














