بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے پیر کے روز ایکس پر اعلان کیا کہ انہوں نے بھارتی اسپورٹس ویئر اسٹارٹ اپ ایجیلیٹاس اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف سینچری، ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا منفرد ریکارڈ برابر کردیا
کوہلی نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ ون ایٹ اور ایجیلیٹاس کے لیے ایک نئے سفر کا آغاز ہو رہا ہے۔
ویرات کوہلی کا لائف اسٹائل برانڈ One8 ان کی جرسی نمبر 18 سے متاثر ہے جس کے تحت ون ایٹ کمیون ریستوران اور پُوما کے ساتھ تیار کردہ ایتھلیژر لائن شامل ہیں۔
ایجیلیٹاس اسپورٹس کی بنیاد سنہ 2023 میں ابھشیک گنگولی نے رکھی تھی جو پُوما انڈیا اور ساؤتھ ایشیا کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔ گانگولی نے سنہ 2017 میں کوہلی کو پُوما سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کے نتیجے میں تقریباً 110 کروڑ روپے کی ڈیل اور ون ایٹ کی لائف اسٹائل ایتھلیژر رینج شروع ہوئی۔
اس سال اپریل میں کوہلی نے پُوما کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کردیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے 300 کروڑ روپے کی 8 سالہ توسیعی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے انہوں نے اس کے بجائے ایجیلیٹاس میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیے: ویرات کوہلی نے سچن ٹندولکر کا ریکارڈ توڑ کر تاریخ رقم کر دی
کوہلی نے شراکت کے اعلان کے ساتھ جاری ویڈیو میں کہا کہ جب یہ پیشکش آئی اور گنگولی نے مجھے اس کے پس منظر، مینوفیکچرنگ کی طاقت، مہارت اور ٹیم کے بارے میں بتایا تو میں نے سوچا کہ یہ کچھ بڑا بن سکتا ہے اور میں اس کا حصہ بننا چاہتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب ہمارے اپنے لوگوں نے ڈیزائن کیا ہے اور یہیں بنایا ہے۔
مزید پڑھیں: ویرات کوہلی کی 37ویں سالگرہ پر انوشکا شرما نے شادی سے متعلق اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا
ون ایٹ کو اب ایجیلیٹاس کے تحت رکھا جائے گا اور کمپنی اس کی بھارت اور عالمی سطح پر توسیع کی قیادت کرے گی۔














