شاہ محمود اور مسرت جمشید چیمہ رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار، وائس چیئرمین کی پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید

منگل 23 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پنجاب پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم د یا  تھا جس کے بعد ان کے وکیل روبکار لے کر اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ محمود کی قانونی ٹیم نے بیان حلفی عدالت میں جمع کروایا تھا جس کے بعد رہائی کا حکم دیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے شاہ محمود قریشی کی رہائی کو بیان حلفی سے مشروط کیا تھا۔

اِدھر اڈیالہ جیل کے باہر اپنی مختصر گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے پارٹی چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ساتھ ہی رہوں گا۔

جمعہ 19 مئی کے روز شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کا معاملہ ان کی جانب سے تحریری یقین دہانی نہ ملنے کے باعث کھٹائی میں پڑگیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 مئی کے روز اڈیالہ جیل میں 3 ایم پی او کے تحت قید شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دے دیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے وکیل بیرسٹر تیمور ملک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالتوں کا بہت احترام ہے، تاہم پر امن احتجاج سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp