وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں گرین بس سروس میں توسیع اور صوبے کی خواتین کے لیے پہلی پنک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پنک بس سروس کا آغاز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی عملی تعبیر ہے، پنک اسکوٹیز کے بعد پنک بس سروس کا اجرا خواتین کے لیے باوقار، محفوظ اور سہل سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان حکومت کا خواتین کے لیے پنک بس سروس شروع کرنے کا اعلان
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کو جدید اور معیاری ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، بس سروس کا دائرہ کار پشین، مستونگ اور تربت تک توسیع دی جا رہی ہے، جبکہ کوئٹہ سے سریاب تک پیپلز ٹرین منصوبے پر بھی بھرپور پیش رفت جاری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ صوبے میں مستقبل قریب میں الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی تاکہ ماحولیاتی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے، خواتین کی بااختیاری معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے، اور بلوچستان میں خواتین ڈپٹی کمشنرز نے اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں اور مثالی کارکردگی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کتاب ہر ہاتھ میں، بلوچستان حکومت کا ’کتاب گاڑیوں‘ کا منفرد منصوبہ
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جو عناصر خواتین کو خودکش جیکٹ پہنا کر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں واضح پیغام ہے کہ حکومت تعلیم اور ترقی کے دروازے کھول رہی ہے، بلوچ عوام کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، جس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ریاست اس جنگ میں کامیاب ہوگی اور بلوچستان کا مستقبل امن اور ترقی سے روشن ہوگا۔














