بالی ووڈ کی نئی ایکشن فلم ’دھُرندھر‘ نے ریلیز کے صرف 7 دنوں میں باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ₹207.25 کروڑ کی کمائی کے ساتھ بڑی ہندی فلموں کی ڈومیسٹک لائف ٹائم کلیکشن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فلم 5 دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور ابتدائی دنوں سے ہی ناظرین کے مثبت ردعمل اور سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے۔ میکرز کے مطابق جمعرات کو فلم نے ₹29.20 کروڑ کمائے جبکہ ساتویں دن یعنی جمعہ کو اس میں تقریباً ₹27 کروڑ کا اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: دھُرندھر میں اکشے کھنہ کا کردار وائرل، ’انڈین بن کر فلاپ رہے پاکستانی کردار نے لیجنڈ بنادیا‘
دھُرندھر نے بڑی ہندی فلموں جیسے سکندر جس نے ₹109.83 کروڑ کمائے، راکی اور رانی کی پریم کہانی جو ₹153.55 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی اور ریڈ ۲ کی ₹173.05 کروڑ کی مجموعی کمائی کو عبور کر لیا ہے۔
فلمساز مدھور بھنڈارکر نے کہا کہ دھُرندھر کی شاندار کامیابی کے بعد ممبئی فلم انڈسٹری میں مضبوط مواد، متنوع کاسٹنگ اور معیار پر مبنی کہانیوں کے حوالے سے ایک بڑا پیراڈائم شفٹ آئے گا۔ یہ فلم ہندی سینما کے ڈائنامکس کو دوبارہ متعین کرے گی اور کہانی، ٹیلنٹ اور عزم کو نئے معیار تک لے جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ’دھُرندھر‘ کے متنازع ڈائیلاگ پر چوہدری اسلم کی اہلیہ کا سخت ردعمل
فلم کی کاسٹ میں سنجے دت، رنویر سنگھ، ارجن رامپال اور اکشے کھنہ ہیں اور اس کی کہانی پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی، انڈین ایجنٹس اور کراچی کی مشہور زمانہ لیاری گینگ وار کے چند حقیقی کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کا دوسرا حصہ 19 مارچ 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگا۔














