گلگت بلتستان (جی بی) میں عام انتخابات 24 جنوری 2026 کو منعقد ہوں گے، جو گزشتہ ماہ اسمبلی کی 5 سالہ آئینی مدت پوری ہونے کے بعد کرائے جا رہے ہیں۔
آج جی بی کونسل کی جانب سے انتخابی شیڈول سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر نے گلگت بلتستان آرڈر 2018 کی شق 48-A(1) اور الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 57(1) کے تحت ہفتہ، 24 جنوری 2026 کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دن مقرر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو این ایف سی میں حصہ ملنا چاہیے، نواز شریف
اسمبلی کی مدت پوری ہونے کے بعد ریٹائرڈ جج یار محمد کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے۔
جی بی آرڈر 2018 کے مطابق نئے انتخابات 60 روز کے اندر کرانا لازمی ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی کل نشستیں 33 ہیں، جن میں 24 عام، 3 خواتین اور 3 ٹیکنوکریٹ کی نشستیں شامل ہیں۔
گلگت بلتستان میں پچھلے انتخابات 15 نومبر 2020 کو ہوئے تھے، جن میں تحریکِ انصاف نے حکومت قائم کی اور خالد خورشید وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت کون سی جماعت بنائے گی؟
تاہم جولائی 2023 میں جی بی چیف کورٹ نے خالد خُرشید کو نااہل قرار دے دیا۔ اس کے بعد پی ٹی آئی کے ناراض گروپ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت نے حاجی گلبر خان کو نیا وزیر اعلیٰ منتخب کیا۔














