دبئی میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے ہی روز پاکستان اور بھارت نے اپنی دھواں دار کارکردگی سے ایونٹ کا شاندار آغاز کیا۔
جمعے کے روز ٹورنامنٹ میں دو ڈے میچز کھیلے گئے جن میں پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا سے جبکہ بھارت نے متحدہ عرب امارات کے خلاف میدان سنبھالا۔
پاکستان کی تاریخی فتح
پاکستانی اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 345 رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کی۔ سمیر منہاس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 177 رنز کی یادگار اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ احمد حسین نے بھی 132 رنز بنا کر پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔
ملائیشیا کی پوری ٹیم پاکستانی باؤلنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور صرف 48 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیے: سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو ہرا کر پاکستان رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کا چیمپیئن بن گیا
علی رضا نے 11 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام نے بھی 3 اور دانیال علی خان نے 2 شکار کیے۔ اس بڑی کارکردگی کے باعث پاکستان نے میچ 297 رنز سے اپنے نام کیا۔
بھارت کی متحدہ عرب امارات پر بھاری برتری
دوسری جانب بھارت نے بھی اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ریکارڈ ساز کارکردگی دکھائی۔
نوجوان بلے باز ویبھوو سوریا ونشی نے صرف 95 گیندوں پر 171 رنز کی تباہ کن اننگز سے 433 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔ ایرون جورج اور ویہان ملہوترا نے بھی 69، 69 رنز بنا کر مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیے: ٹرافی تنازع، بھارتی ٹیم رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں بھی اسپورٹس مین اسپرٹ دکھانے کو تیار نہیں
ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم نے 50 اوورز تو مکمل کیے مگر 199 رنز ہی جوڑ سکی۔ پرتھوی مادھو واحد بلے باز رہے جو نصف سنچری بنا سکے۔ یوں بھارت نے یہ مقابلہ 234 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔
روایتی حریفوں کا ٹاکرا 14 دسمبر کو
ٹورنامنٹ کا سب سے دلچسپ میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، جس کا شائقین بےچینی سے انتظار کر رہے ہیں۔














