سپریم کورٹ نے 8 سالہ بچے سے زیادتی کیس میں ملزم عاصم گل فراز کی درخواست خارج کردی۔ملزم کی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے 8 سالہ بچے سے زیادتی کیس میں ملزم عاصم گل فراز کی درخواست خارج کرتے ہوئے ملزم کی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بچے سے زیادتی کا الزام، ایس پی رپورٹ میں نور محد دمڑ کو بری الذمہ قرار
جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کیس کی سماعت کی، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ بچے کی گواہی میڈیکل اور ڈی این اے شواہد سے مطابقت رکھتی ہے۔شواہد میں کوئی تضاد یا قانونی نقص ثابت نہیں ہوا۔
سپریم کورٹ کے مطابق متاثرہ والدہ نے بتایا بچہ گھر لوٹا تو گردن پر خراشیں اور پریشان حالت میں تھا۔ متاثرہ بچے نے بتایا کہ ملزم پتنگ اور کنچے دینے کا جھانسہ دے کر لے گیا۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ملزم بچے کو زیر تعمیر دکان میں لے گیا جہاں زیادتی کی گئی، اڈیالہ جیل میں شناختی پریڈ ہوئی، متاثرہ بچے نے ملزم کی شناخت کی۔
سپریم کورٹ کے مطابق ٹرائل کورٹ نے 12 اپریل 2021 کو عاصم گل فراز کو مجرم قرار دیا، ٹرائل کورٹ نے 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے 4 اگست 2021 کو دونوں اپیلیں مسترد کر دیں ۔ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا برقرار رکھی۔














