سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات اور جانی نقصان کی پولیس رپورٹ جاری
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کلچی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد موجود تھے۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے ایک جوان نائیک یاسر شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ یہ دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق علاقے میں کسی بھی رہ جانے والے دہشتگرد کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں: دہشتگردی کا سدباب: سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے پاکستان میں دفاتر قائم کرنے کا ایک بار پھر مطالبہ
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزم استحکام‘ کے تحت انسداد دہشتگردی آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔














