اڈیالہ جیل کے قریب سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کا دھرنا ایک بار پھر پولیس کی واٹر کینن کے ذریعے ختم کرادیا گیا۔ علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ ان پر زہریلا پانی پھینکا گیا۔
قبل ازیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج بھی کسی کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ جس کے بعد ان کی بہنوں نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا۔ اور اب اپوزیشن رہنما علامہ راجا ناصر عباس بھی دھرنے میں پہنچ گئے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس پہنچ گئے https://t.co/21GzZSsjG1 pic.twitter.com/vxkYW62mCD
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) December 16, 2025
راولپنڈی میں پولیس نے اڈیالہ جیل جانے والے راستوں کو بند کرتے ہوئے سخت سیکیورٹی انتظامات نافذ کر رکھے ہیں، جس کے باعث عمران خان کی بہنوں کو کارکنان کے ہمراہ فیکٹری ناکے پر روک لیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: ’اڈیالہ پہنچو‘: پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے لیے اہم ہدایات جاری
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے مقررہ دن کے موقع پر پولیس نے اڈیالہ جیل کی جانب جانے والی سڑکوں پر ناکہ بندی کیے رکھی۔
عمران خان کی تینوں بہنوں کا ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا، عمران خان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ۔ گزشتہ منگل پنجاب حکومت نے نہتی خواتین پر واٹر کینن کا استعمال کیا تھا pic.twitter.com/YQ7GdKDYH7
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) December 16, 2025
اسی دوران عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان جب کارکنوں کے ساتھ فیکٹری ناکے پر پہنچیں تو پولیس نے آگے بڑھنے سے روک دیا۔
پولیس کی جانب سے رکاوٹ ڈالے جانے پر عمران خان کی بہنیں اور پی ٹی آئی کے کارکن فیکٹری ناکے پر ہی بیٹھ گئے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ دھرنے میں بڑی تعداد میں کارکن شریک ہیں۔
انتظامیہ نے آج کے دن کے لیے اڈیالہ جیل اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے جبکہ دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔
جیل کی طرف جانے والے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور گورکھپور کے مقام پر اینٹی رائٹس رکاوٹیں نصب کر دی گئی ہیں۔
مزید سیکیورٹی کے لیے اضافی پولیس دستے گورکھپور ناکے پر پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر واٹر کینن بھی موجود ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل حکام کو گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کی فہرست موصول ہو چکی تھی، جس میں بیرسٹر گوہر سمیت مجموعی طور پر چھ رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں، مجھے کون روک سکتا ہے؟ سہیل آفریدی ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئے
عمران خان سے ملاقات ہونے تک واپس نہیں جائیں گے، علیمہ خان کا اعلان
اس موقع پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ آج جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی ہم واپس نہیں جائیں گے، ہم اپنے ساتھ کمبل اور چادریں لے کر آئے ہیں۔
جب تک ملاقات نہیں ہوگی، تب تک نہیں جائیں گے۔ ہم اپنے ساتھ کمبل اور چادریں لائے ہیں۔ علیمہ خان pic.twitter.com/PuX4mzZIpT
— WE News (@WENewsPk) December 16, 2025
انہوں نے مزید کہاکہ اگر آج واٹر کینن کا استعمال ہوا تو ہم گلیوں میں گھس جائیں گے، لیکن واپس نہیں جائیں گے۔
اگر آج واٹر کینن کو استعمال ہوا تو ہم گلیوں میں گھُس جائیں گے، جائیں گے نہیں، علیمہ خان pic.twitter.com/GKemycy2IA
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) December 16, 2025
واضح رہے کہ حکومت نے عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کررکھی ہے، اس سے قبل اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے پر عمران خان کی بہنوں اور دیگر کارکنوں پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا تھا۔














