پنجاب یونیورسٹی میں ملک کے مختلف صوبوں اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہاں کے طلبہ اپنی اپنی شناخت، زبان اور ثقافتی اقدار کو ساتھ لے کر اس تعلیمی ماحول کا حصہ بنتے ہیں، جو یونیورسٹی میں ثقافتی ہم آہنگی اور تنوع کی نمائندگی کرتا ہے۔
ہر سال پشتون طلبہ کی جانب سے ’پشتون کلچر ڈے‘ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ دن صرف پشتون ثقافت کی نمائندگی نہیں کرتا بلکہ پاکستان بھر کی مختلف ثقافتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔
پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان کے مختلف خطوں کی ثقافتیں پشتون، پنجابی، سندھی، بلوچی، سرائیکی، کشمیری اور گلگتی و بلتی ایک ہی جگہ اپنے رنگ، موسیقی، لباس اور تہذیبی روایات کے ذریعے پیش کرتی ہیں۔
اس تقریب کے ذریعے طلبا و طالبات نہ صرف ایک دوسرے کی ثقافت سے قریب سے واقف ہوتے ہیں بلکہ انہیں سمجھتے اور سراہتے بھی ہیں، جس سے یونیورسٹی میں باہمی افہام و تفہیم اور ثقافتی ہم آہنگی فروغ پاتی ہے۔













