وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے احکامات کی روشنی میں مختلف مقامات پر طلبی کے نوٹسز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب جوڈیشل کمپلیکس کے اندر بھی متعدد جگہوں پر نوٹسز چسپاں کردیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’آزادی یا موت‘: عمران خان کا پیغام موصول، بانی پی ٹی آئی وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے کیا چاہتے ہیں؟
عدالتی نوٹسز میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی کو فوری طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ کارروائی انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے سیکشن 87 کے تحت جاری حکم نامے کے مطابق عمل میں لائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سہیل آفریدی نے اپنے حلقے میں سیکیورٹی آپریشن کی اجازت دے دی، شیر افضل مروت کا دعویٰ
نوٹسز کے مطابق ملزمان عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہے یا روپوش ہیں، جس کے باعث عدالت نے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ملزمان مقررہ مدت میں عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے تو ان کیخلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی اور دیگر افراد کے خلاف 26 نومبر 2024 کو ہونے والے احتجاج کے معاملے میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔














