امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کی ڈاکیومینٹری سیریز ’دی اینڈ آف این ایرا‘ کی آخری اقساط کی ریلیز شیڈول میں بڑی تبدیلی کر دی گئی ہے۔
اسٹریمنگ پلیٹ فارم ڈزنی پلس نے اعلان کیا ہے کہ سیریز کی آخری 2 اقساط اب 26 دسمبر کے بجائے 23 دسمبر کو ریلیز کی جائیں گی، تاکہ شائقین کرسمس سے قبل اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: سب سے مہنگی انگوٹھی کس کی؟ ٹیلر سوئفٹ کی منگنی کے بعد نئی بحث چھڑ گئی
ڈزنی پلس کے مطابق یہ اقساط دنیا بھر میں مداحوں کے لیے ایک تحفے کے طور پر پیش کی جارہی ہیں۔ اس سے قبل پلیٹ فارم نے صرف یہ بتایا تھا کہ سیریز کی پہلی 2 اقساط 12 دسمبر کو ریلیز ہوں گی جبکہ باقی اقساط آئندہ ہفتوں میں 2، 2 کی صورت میں پیش کی جائیں گی، تاہم مکمل تاریخیں ظاہر نہیں کی گئی تھیں۔
نئے شیڈول کے بعد سوئفٹیز کو کرسمس کی تقریبات اور خاندانی مصروفیات سے پہلے ٹیلر سوئفٹ کے ایراز ٹور کے تجربے سے لطف اٹھانے کا موقع مل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ اب پُرکشش نہیں رہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کیوں کہا؟
یہ ڈاکیومینٹری سیریز 12 دسمبر کی رات ڈزنی پلس پر پیش کی گئی تھی، جس میں ٹیلر سوئفٹ کے ریکارڈ توڑ ایراز ٹور کو دکھایا گیا ہے۔ سیریز میں ان کے البم دی ٹورچرڈ پوئٹس ڈیپارٹمنٹ کے پہلو بھی شامل ہیں۔
پہلی قسط میں ٹیلر سوئفٹ نے بتایا کہ ایراز ٹور کا خیال انہیں اس وقت آیا جب وہ 2 ناخوشگوار حالات سے گزر رہی تھیں۔ ایک مسئلہ ان کی میوزک کیٹلاگ کا فروخت ہو جانا تھا، جسے واپس حاصل کرنے کے لیے انہوں نے اپنے البمز دوبارہ ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسرا سبب کورونا وبا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ کا نیا البم ’دی لائف آف شوگرل‘ متعارف، ریلیز کا اعلان جلد ہوگا
ٹیلر سوئفٹ کے مطابق جب منصوبہ بندی اور ریہرسل کا آغاز ہوا تو انہوں نے مداحوں کو گانوں کے تنوع اور شاندار پروڈکشن کے ذریعے بھرپور تفریح فراہم کرنے کا عزم کیا، جس نے ایراز ٹور کو ایک یادگار تجربہ بنا دیا۔














