فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈ کوارٹرز کی ہدایت پر کراچی ایئرپورٹ پر ملائیشیا سے ڈیپورٹ ہو کر آنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔ مسافر کے پاسپورٹ پر جعلی بیرون ملک روانگی کی اسٹمپ پائے جانے پر کارروائی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، کمبوڈیا میں سرگرم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا ملزم گرفتار
گرفتار مسافر کی شناخت فیصل حسین کے نام سے ہوئی، جو فلائٹ نمبر OD158 کے ذریعے ملائیشیا سے کراچی پہنچا۔ ایف آئی اے کے مطابق مسافر کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، جبکہ پاسپورٹ پر لگی روانگی کی اسٹمپ نہ صرف جعلی تھی بلکہ سسٹم میں بھی اس کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے یہ سفری دستاویزات ملائیشیا میں مقیم ایک ایجنٹ سے حاصل کی تھیں۔ دستاویزات کے عوض ایجنٹ کو مجموعی طور پر ایک ہزار ملائیشین رنگٹ ادا کیے گئے۔
ایف آئی اے نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی اور ایجنٹ کی نشاندہی کے لیے اینٹی ہومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔














