کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 23 دسمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی بار کی کابینہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رکن سندھ بار کونسل حق نواز تالپور کو الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ان کی عدم موجودگی میں بیرسٹر ذوالفقار جلبانی الیکشن کمشنر کے فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کیوں مؤخر ہوئے؟
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے انتخابات کو آزاد، منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی عمل کے دوران امیدواروں کو بریفنگ اور مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں دوہری ممبرشپ کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ملیر بار کے ممبران کی فہرست کا کراچی بار ایسوسی ایشن کی ووٹر لسٹ سے تقابل کیا جائے گا۔ جن افراد کے نام دوہری ممبرشپ میں شامل پائے گئے، انہیں ووٹر لسٹ سے حذف کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عدلیہ میں مداخلت کا کیس: کراچی بار ایسوسی ایشن نے تجاویز سپریم کورٹ کو ارسال کردیں
کراچی بار ایسوسی ایشن کی کابینہ کا کہنا ہے کہ شفاف، منظم اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔














