بھارت کی جانب سے ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی کو عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان، کینیڈا، امریکا، آسٹریلیا، بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک تک پھیلتے دکھائی دے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت اپنی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ذریعے ریاستی دہشتگردی کی پالیسی پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ بنگلہ دیشی نوجوان رہنما عثمان ہادی کے قتل کے بعد ایک اور سیاسی رہنما بھارتی دہشت گردوں کے نشانے پر آ گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے: فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر
رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کے ایک سابق میجر نے بنگالی نوجوان رہنما حسنات عبداللہ کو ’اگلی باری تمہاری‘ کی دھمکی دی، جبکہ ایک اور ٹوئٹ میں سابق بھارتی کرنل نے حسنات عبداللہ کی گردن میں گولی مارنے کی دھمکی دی ہے۔
پاکستان اس سے قبل متعدد بار عالمی فورمز پر شواہد کے ساتھ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کر چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہمسایہ ممالک میں بھارتی مداخلت اور دہشتگردی کی پشت پناہی نے پورے خطے کو تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ بھارت کی ہندتوا سوچ کے زیرِ اثر پرتشدد اور توسیع پسندانہ عزائم کو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
حالیہ سڈنی حملے میں بھی بھارتی شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق سامنے آ چکی ہے، جبکہ سال 2020 میں آسٹریلیا نے بھارتی انٹیلی جنس سے منسلک اہلکاروں کو جاسوسی سرگرمیوں کے الزام میں ملک بدر کیا تھا۔
اس سے قبل کینیڈا اور امریکا میں سکھ رہنماؤں پر حملوں میں بھی بھارتی خفیہ اداروں کے ملوث ہونے کے الزامات لگ چکے ہیں۔
سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بھارتی سفارتی اہلکاروں کے شرپسند عناصر سے روابط کو بے نقاب کر چکے ہیں۔
کینیڈا میں خالصتان رہنما ہردیب سنگھ نجر کے قتل کے بعد کئی ماہ تک کینیڈا اور بھارت کے سفارتی تعلقات معطل رہے۔ اسی طرح امریکا میں سکھ فار جسٹس کے سربراہ کے قتل کی سازش کے الزام میں ایک بھارتی شہری کی گرفتاری بھی عمل میں آ چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں بھارت دہائیوں تک تامل دہشت گردوں کی حمایت کرتا رہا، جس کے نتیجے میں طویل خانہ جنگی نے جنم لیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی دہشتگردی کا شکار بنگلہ دیشی طالب علما رہنما عثمان ہادی کون تھا؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ خود بھارت کے اندر بھی بالخصوص اقلیتیں ریاستی دہشتگردی سے محفوظ نہیں، چاہے وہ منی پور میں مسیحی اقلیت ہو، کشمیر میں مسلمان ہوں یا پہلگام کا فالس فلیگ آپریشن ہو۔
ماہرین کے مطابق بنگلہ دیش میں نوجوان رہنما کا قتل بھارتی ڈیپ اسٹیٹ کی عالمی سطح پر منظم دہشتگردی کی ایک مثال ہے اور اقوامِ عالم کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔














